Lecture No. 1

آپ سب کی خدمت میں آج پہلا سبق بھیجا جا رہا ہے ، اس کا خوب اچھی طرح سے مطالعہ کیجیے ، اور اگلے چوبیس گھنٹے میں ہمیں اپنی طرف سے ایک مشق لکھ کر روانہ کیجیے ، جس میں آپ کا اپنا روزنامچہ لکھا ہوا ہو ،، ایک صفحہ پر مشتمل ہو ، کاپی پر لکھ کر اس کا فوٹو بھی بھیج سکتے ہیں اور یہاں میسج میں بھی لکھ کر سینڈ کر سکتے ہیں ،

ڈائری (Diary)   روزنامچہ یا  لکھنا

دور حاضر میں جب ہر ایک کے ہاتھوں میں موبائل فون موجودہ ہونا عام سی بات ہے۔ جہاں کوئی دلچسپ منظر نگاہوں کے سامنے آئے یا کوئی خاص موقع ہو، یا پھر دوست احباب کے سنگ کھانے کا پروگرام ہو تو کیمرے میں ان لمحوں کو محفوظ کرلیا جاتا ہے۔سیلفی لے کر ، فوٹو بنا کر ، ویڈیو کے ذریعے  ، وغیرہ ان تصاویر میں وہ لمحہ تو قید ہوجاتا ہے لیکن اس لمحے میں بسنے والے احساسات، جذبات، خیالات ان تصاویر میں قید ہونے سے قاصر رہتے ہیں، اگر انہیں بھی قید کرنا چاہتے ہیں تو صرف ایک ہی طریقہ ہے اور وہ ہے ’’ڈائری‘‘

ڈائری لکھنے سے آپ میں لکھنے کی صلاحیت بیدار ہونے لگتی ہے اور لکھنے کی مشق بھی جاری رہتی ہے ۔ایک اچھا لکھاری بننے کے لئے اگر یہ کہا جائے کہ ڈائری لکھنا بھی ضروری ہے تو یہ بے جا نہ ہو گا ۔آپ کا قلم بھی رواں ہو جاتا ہے ، آپ کو یہ علم ہو جاتا ہے کہ آپ نے اپنی تحریر کو کس طرح بہتر بنانا اور پڑھنے والوں کے لئے دلچسپ رکھنا ہے ۔اسی طرح رفتہ رفتہ قارئین کے لئے بھی لکھنا آسان ہو جاتا ہے ۔آپ کو یہ علم ہو جاتا ہے کہ آُ پ کی لکھی ہوئی تحریر اگر آپ کو پسند نہیں آ رہی تو کسی دوسرے کو کیا خاک پسند آئے گی ؟

ڈائری لکھنے کے فوائد :

۱۔ ذہنی صحت کا حصول : اکثر اوقات انسان کی غصے ، افسردگی اور بے چینی کی حالت میں اپنے جذبات کو کسی شخص سے بیان کرنا بہت مشکل ہوتا ہے ، ان حالات میں آپ ڈائری لکھیے۔اور خود سے باتیں کر کے اس حالت کے بہت سے حل نکالے جا سکتے ہیں ۔ اپنے دل و دماغ میں موجود خوف کو نکال کر کاغذ پر منتقل کر دیجئے اور خود ہشاش بشاش ہو جائیے۔

۲۔ ڈائری لکھنے سے اپنا احتساب اور محاسبہ نفس کرنے میں آسانی رہتی ہے۔کہ دن بھر میں کیا کھویا اور کیا پایا۔

۳۔ ڈائری لکھنے کی عادت سے انسان کا ماضی گم نہیں ہوتا۔بچپن کی باتیں آخر عمر میں بھی دیکھی جا سکتی ہیں ۔

۴۔اپنے اندر آنے والی تبدیلیوں کا اندازہ کرنا آسان رہتا ہے ۔ کہ پہلے میری ترجیحات کیا تھیں اور اب کیا ہو چکی ہیں ۔

۵۔ ڈائری لکھنے سے تحریری صلاحیتوں میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے ۔

۶۔ دماغی تناؤ اور ٹینشن میں کافی حد تک کمی ہو جاتی ہے ۔ جس طرح آپ کسی کو اپنا دکھ درد سنا دیں تو طبیعت ہلکی پھلکی ہو جاتی ہے۔

۷۔اپنی غلطیوں کوسمجھنے ، ان کو  درست کرنے ،ان سے سبق سیکھنے اور مستقبل میں ایسی غلطیاں نہ کرنے کا عزم حاصل ہوتا ہے۔

۸۔ انسان کو برے دنوں میں تازہ اور خوشگوارہوا  کا ایک جھونکا سا محسوس ہو گا ۔

۹۔جو یادیں لفظوں کے موتیوں میں پرو کے سمولی جاتی ہیں وہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے محفوظ ہوجاتی ہیں۔ پھر جب یاد ماضی تازہ کرنا ہو تو ماضی کے ان اوراق کو پلٹ کر پڑھ لیا جاتا ہے۔

۱۰۔ ڈائری اچھی اور بری یادوں کا ایک مجموعہ ہے جو مرتے دم تک ایک خزانے کی صورت میں موجود رہتا ہے ۔

مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نامور اور کام یاب افراد میں ڈائری لکھنے کی عادت مشترکہ ہے۔

ڈائری لکھنے کے لیے یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ کوئی معروف لکھاری یا کوئی مشہور شخصیت ہوں یا لکھنے پر عبور حاصل ہو۔

ڈائری لکھنے کے لئے الگ سے وقت نکالنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ جب بھی مصروفیات کے درمیان کچھ وقت میسر ہو، تو کاغذ قلم لے کر لکھنا شروع کردیجئے۔ 

جو بھی آپ کے خیالات یا روزمرہ کے تجربات و مشاہدات ہوں، انہیں سادہ لفظوں میں لکھ دیجئے۔

کچھ عرصہ گزرنے کے بعد جب آپ اپنی ڈائری کے اوراق پلٹیں گے تو یقیناً عجیب خوشگوار کیفیت سے سرشار ہوں گے۔ 

آپ ڈائری میں کیا لکھیں ؟

کیا آپ بھی ان احساسات سے محظوظ ہونا چاہتے ہیں لیکن یہ نہیں جانتے کہ ڈائری لکھنے کی شروعات کیسے کی جائے تو پریشان نہ ہوں طریقہ بہت آسان ہے۔

آپ کو صرف کرنا یہ ہے کہ، ایک نوٹ بُک اور قلم لے کر کسی پُر سکون گوشے میں بیٹھ جائیں۔ اب آپ کے سامنے موجود کورا کاغذ آپ کو خود کچھ نہ کچھ لکھنے پر مجبور کرے گا۔

 آپ ڈائری پر کچھ بھی لکھ سکتے ہیں ۔ آپ اپنی بات کو کہیں سے بھی شروع کرسکتے ہیں۔

مثلاً دن کا آغاز کیسے ہوا؟

 آپ کا دن کیسا گزرا،

 کس سے ملاقات ہوئی،

 کس نے متاثر کیا،

 دن بھر میں کوئی نئی مصروفیت رہی

 کوئی نیا تجربہ ہوا

اس ہفتے کے آخر میں آپ کیا کرنا چاہتے ہیں ۔

ایسی جگہ کے متعلق تبادلہ خیال کریں جہاں آپ  جانا چاہتے ہیں ۔

اس کے بارے میں لکھیں جو آپ تبدیل کرنا چاہتے ہیں ۔

اپنی پسندیدہ کتاب کے بارے میں لکھ دیجیے۔

اپنے پسندیدہ شخص کے نقطہ نظر کو لکھیئے۔

اپنے خواب لکھ دیجیے ۔

اپنے خیالات کو لکھ  دیجیے۔

کوئی پیشین گوئی لکھ دیجئے

مختصر کہانی ، افسانچہ ، اشعار لکھ دیجیے۔

کوئی ڈیزائننگ بنا دیجیے۔

موسم ، اپنے مزاج ، آب و ہوا اور اپنے احساسات لکھ ڈالیئے۔آپ جس جگہ پر جانا چاہتے ہیں ، اس کے متعلق لکھیے۔اپنی ڈائری پر آپ جو چاہیں لکھ سکتے ہیں ۔

ڈائری لکھنے کا بہترین وقت :

رات کا ہے، سونے سے قبل جب آپ ڈائری کھولیں اُس وقت ایسا لگے گا جیسے آپ ایک الگ دنیا میں آگئے ہیں ۔ آپ کھل کر اپنے دل کی بات لکھ سکتے ہیں ۔

ڈیجیٹل ڈائری لکھیں یا روایتی، یہ آپ کی مرضی ہے۔ لیکن ڈائری لکھیں ضرور۔ اور وہ بھی آج سے ہی لکھنا شروع کر دیجیے ۔

موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے، آج ہر چیز ڈیجیٹل ہوگئی ہے۔ اسی طرح ڈائری کے کچھ نئے انداز بھی سامنےآئے ہیں۔ موبائل کی ڈائری ، اپنے لیپ ٹاپ میں لکھنا ، انٹرنیٹ پر بلاگز، ذاتی ویب سائٹس ، سوشل میڈیا پر لکھنا ، وغیرہ ۔تاہم کاغذ پر لکھی گئی یاد داشتیں بہت محفوظ تصور کی جاتی ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *